ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایران ہمیں ’تباہ کرنا‘ چاہتا ہے، سعودی وزیر خارجہ۔ ایران کاحتمی مقصدسعودی عرب کونقصان پہونچانا:اسرائیلی وزیردفاع

ایران ہمیں ’تباہ کرنا‘ چاہتا ہے، سعودی وزیر خارجہ۔ ایران کاحتمی مقصدسعودی عرب کونقصان پہونچانا:اسرائیلی وزیردفاع

Mon, 20 Feb 2017 12:36:53  SO Admin   S.O. News Service

ریاض19فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران کا حتمی مقصد سعودی عرب کو نقصان پہنچانا ہے۔ دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دنیا میں دہشت گردی کا ’مرکزی اسپانسر‘ ہے۔جرمنی میں ہونے والی میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دوران اسرائیل اور سعودی عرب نے ایران کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک مشرق وسطی میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کا حتمی ہدف سعودی عرب کو کمزور کرنا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو خطے میں انتہا پسند عناصر کو ختم کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہییں۔ایویگڈور لبرمان کا میونخ میں مزید کہنا تھا، ’’ ایران کا مقصد مشرق وسطیٰ کے ہر ملک میں استحکام کو کمزور کرنا ہے اور آخر کار اس کی آخری منزل سعودی عرب ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کے تبصرے کے منتظر ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا، ’’اصل تقسیم مسلمانوں اور یہودیوں میں نہیں بلکہ اعتدال پسندوں اور بنیاد پرستوں میں ہے۔‘‘اسی سکیورٹی کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ عادل بن الجبیر نے بھی ایران پر شدید تنقید کی۔ ان کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران دنیا بھر میں دہشت گردی کا مرکزی سپانسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے اور وہ ’’انہیں تباہ کرنا‘‘ چاہتا ہے۔عادل بن الجبیر کا مزید کہنا تھا، ’’اس سے مشرق وسطی میں امن ختم کرنا کرنے کے لیے پرعزم ہے... (اور) جب تک ایران اپنے رویے تبدیل نہیں کرے گا تب تک اس طرح کے ملک کے ساتھ نمٹنا بہت مشکل ہے۔‘‘سعودی وزیر خارجہ کے مطابق ایران شام اور خطے کے متعدد متشدد گروہوں کے علاوہ حوثی باغیوں کی مالی امداد جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا بین لاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا ایرانی اقدامات کو روکنے کے لیے واضح ’ریڈ لائنز‘ کی ضرورت ہے۔ان بیانات کے برعکس ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے میونخ کانفرنس کے دوران خلیجی ممالک کو مذاکرات کی دعوت دی ہے تاکہ خطے میں پائی جانے والی ’تشویش‘ اور تشدد کا خاتمہ کیا جا سکے۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا، ’’میں علاقائی مذاکرات کے معاملے میں اعتدال پسند ہوں اور خلیج فارس پر توجہ مرکوز کر رہا ہوں۔ اس خطے میں کافی مسائل ہیں۔ ہم ان ممالک کے ساتھ بات چیت کا آغاز چاہتے ہیں، جنہیں ہم اسلام میں بھائی کہتے ہیں۔‘‘یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایرانی صدر نے تعلقات میں بہتری کے لیے کویت اور عمان کا دورہ کیا تھا۔


Share: